ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں /  لاہور ہائی کورٹ: نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت

 لاہور ہائی کورٹ: نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت

Sun, 17 Nov 2019 17:39:46    S.O. News Service

لاہور17نومبر (آئی این ایس انڈیا)لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو علاج کی غرض سے چار ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے جبکہ ان کے ہمراہ شہباز شریف بھی بیرون ملک جا سکیں گے۔لاہور ہائی کورٹ میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جانب سے نواز شریف کا نام غیر مشروط طور پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی گئی۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے مختصر حکم جاری کیا، جس میں عدالت نے نئے بیان حلفی میں نواز شریف کو بیرون ملک علاج کے لیے چار ہفتے کا وقت دیا۔لاہور ہائی کورٹ کے آرڈر کے مطابق اگر نواز شریف کی صحت بہتر نہیں ہوتی تو اس مدت میں توسیع ہو سکتی ہے، جبکہ حکومتی نمائندے سفارت خانے کے ذریعے نواز شریف سے رابطہ کر سکیں گے۔سابق وزیر اعظم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے کی درخواست کی مزید سماعت اب جنوری 2020 کے تیسرے ہفتے میں ہو گی۔عدالتی کارروائی ختم ہونے کے بعد شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عدالت نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کے علاج میں جو رکاوٹیں حائل تھیں وہ اب دور ہو چکی ہیں. ان کو علاج کی اجازت مل گئی ہے۔ وہ علاج کروا کر واپس آئیں گے۔قبل ازیں، عدالت نے سابق وزیر اعظم کے علاج کے بعد وطن واپسی سے متعلق نواز شریف کے وکلا سے بیان حلفی طلب کیا تھا، جس پر نواز شریف کے بھائی اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے تحریری بیان حلفی عدالت میں جمع کرایا۔


Share: